(تکبیر نیوز—- برطانیہ، وولورہیمپٹن) برطانیہ کے شہر وولورہیمپٹن میں ایک فیکٹری میں خوفناک آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کی 8 ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کے مطابق واقعہ والسال اسٹریٹ، ہارسلی فیلڈز کے علاقے میں پیش آیا جہاں فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
حکام نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی جبکہ قریبی علاقوں میں رہنے اور کام کرنے والے افراد کو احتیاطی طور پر کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔
مقامی رہائشی ریچل ہیملیٹ نے بتایا کہ صبح تقریباً پانچ بجے انہیں “پھٹنے جیسی آوازیں” سنائی دیں جو بعد میں مزید تیز دھماکوں میں تبدیل ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو رہائشی گھروں کے قریب شدید آگ بھڑکتی دکھائی دی۔
ریچل ہیملیٹ کے مطابق کچھ ہی دیر بعد فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور لوگوں کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
واقعے کے باعث یارک اسٹریٹ، والسال اسٹریٹ، شیکسپیئر اسٹریٹ اور لوئر والسال اسٹریٹ پر ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کے مطابق ایک اسٹرکچرل انجینئر بھی موقع پر موجود ہے جو عمارت کی حالت کا جائزہ لے رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
