دبئی(تکبیر نیوز)دبئی میں فضائی کارروائی کے دوران ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی جاں بحق ہو گیا۔
گلف نیوز کے مطابق اماراتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دبئی کے علاقہ البرشا میں ہفتے کی شام جاں بحق ہونے والا شخص پاکستانی تھا۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈرائیور میسج ملنے کے باوجود گاڑی میں موجود رہا۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ الرٹ میسجز کو سنجیدگی سے لیں، الرٹ میسج کے بعد کسی قریب عمارت میں پناہ لیں۔
قبل ازیں دبئی میڈیا آفس نے بتایا تھا کہ البرشا میں فضائی دفاعی کارروائی کے دوران ملبہ گرنے سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا تھا اور اس کے نتیجے میں ایشیائی ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں حالیہ حملوں میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد مارے جاچکے ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع کاکہناتھاکہ ایرانی حملوں کی نئی لہر کے دوران یو اے ای ایئر ڈیفنس سسٹم نے 15بیلسٹک میزائل اور119ڈرونز تباہ کئے ۔حکام کاکہناتھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم نے 7مارچ کو 16بیلسٹک میزائل کی نشاندہی کی جن میں سے 15تباہ کر دیئے گئے جبکہ ایک میزائل سمندر میں گرا،حکام کاکہناتھا کہ اتھارٹی نے 121ڈرونز کی نشاندہی کی جن میں سے 119انٹرسپٹ کئے گئے جبکہ 2امارات کی حدود کے اندر گرے۔
