لندن: انگلینڈ کے بین الاقوامی فٹبالر ایون ٹونی پر لندن کے علاقے سوہو میں واقع ایک نائٹ کلب میں مبینہ حملے کے مقدمے میں حملہ کرکے جسمانی نقصان پہنچانے (Assault Causing Actual Bodily Harm) کی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مبینہ واقعہ گزشتہ سال 5 دسمبر کو وارڈور اسٹریٹ میں واقع ایک نائٹ کلب میں پیش آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 30 سالہ ایون ٹونی، جو نارتھمپٹن سے تعلق رکھتے ہیں، پر 31 جولائی کو فردِ جرم عائد کی گئی۔ وہ 24 ستمبر کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش ہوں گے۔
ایون ٹونی حالیہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل برینٹ فورڈ ایف سی کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب الاہلی سے منسلک ہیں۔
ایون ٹونی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا:
"ایون اس الزام سے آگاہ ہیں۔ وہ اس معاملے پر فطری طور پر حیران ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ عدالت میں انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے اور اپنا نام صاف کرنے کا مکمل موقع ملے گا۔”
پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ عدالت میں مقدمے کی سماعت آئندہ ماہ ہوگی
