تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے شہر برمنگھم میں واقع ضیاء الامہ سینٹر میں دارالعلوم محمدیہ غوثیہ، بھیرہ شریف کی اسلام، تعلیم اور انسانیت کے لیے 100 سالہ خدمات کی تکمیل پر ایک پروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی سرپرستی امین الامہ حضرت شیخ پیر محمد امین الحسنات شاہ صاحب نے فرمائی، جبکہ اس سال کی تقریبات کا مرکزی عنوان “A Century of Impact, A Legacy for Tomorrow” رکھا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کی گزشتہ ایک صدی پر محیط دینی، تعلیمی اور روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس ادارے کے ذریعے علمِ دین، اصلاحِ معاشرہ، خدمتِ انسانیت اور روحانی تربیت کے فروغ کو نمایاں الفاظ میں سراہا۔
تقریب سے خصوصی خطاب شیخ محمد نعیم الدین شاہ الازہری نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں علمِ دین، روحانی تربیت، اخلاص اور امتِ مسلمہ کی خدمت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس مشن کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس روحانی اجتماع میں برطانیہ بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کے فضلاء، پیر بھائیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے حضور ضیاء الامہ جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمہ اللہ تعالیٰ کی دینی، علمی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے DMG سے لے کر موجودہ الکرم انٹرنیشنل یونیورسٹی تک اس علمی و روحانی سفر کو امتِ مسلمہ کے لیے ایک قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ، پاکستان، برطانیہ اور پوری انسانیت کی سلامتی، اتحاد اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔






























