ڈسٹرکٹ بار کوٹلی میں وکلاء برادری کے لیے خوشی اور فخر کا موقع اس وقت دیکھنے میں آیا جب ممتاز قانون دان خواجہ حق نواز بٹ ایڈووکیٹ کو سال 2026-2027 کے لیے بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا۔
خواجہ حق نواز بٹ ایڈووکیٹ کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کی خبر سامنے آتے ہی ڈسٹرکٹ بار کوٹلی میں وکلاء برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، وکلاء نے اس انتخاب کو اتحاد، اعتماد اور پیشہ ورانہ وقار کی علامت قرار دیا۔
نومنتخب صدر خواجہ حق نواز بٹ ایڈووکیٹ نے سینیئر وکلاء کے ہمراہ دعا کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے صدر منتخب ہونے میں کسی کی ہار یا جیت شامل نہیں بلکہ تمام وکلاء برادری ان کے سر کا تاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار کے تقدس، وقار اور احترام میں اضافے کے لیے تمام وکلاء کو مل جل کر کام کرنا ہوگا اور کالے کوٹ کے تقدس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں خواتین وکلاء کے ہمراہ نائب صدر ہائی کورٹ بار محترمہ الماس خواجہ نے نومنتخب صدر کو ہار پہنا کر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وکلاء برادری نے امید ظاہر کی ہے کہ خواجہ حق نواز بٹ ایڈووکیٹ کی قیادت میں ڈسٹرکٹ بار کوٹلی مزید مضبوط، متحد اور پیشہ ورانہ اقدار کی امین بنے گی۔
