لندن (تکبیر نیوز):
برطانیہ کی معروف آن لائن کاسمیٹکس کمپنی بیوٹی بے (Beauty Bay) دیوالیہ ہونے سے بچ گئی ہے، جب ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری گروپ نے کمپنی کو خرید لیا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کو AA Investments Group نے ایک پری پیک ایڈمنسٹریشن ڈیل کے ذریعے خرید لیا ہے جس کا انتظام کنسلٹنسی فرم Interpath نے کیا۔
اس معاہدے کے بعد برطانیہ کے اس بڑے آن لائن بیوٹی ریٹیلر کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے، جس نے کچھ عرصہ قبل بڑھتے اخراجات اور کمزور صارف اعتماد کے باعث اپنی ویب سائٹ بند کر کے تمام فروخت روک دی تھی۔
کمپنی کو مالی مشکلات کے باعث دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے ریک ہیریسن اور جیمز کلارک کو مشترکہ ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا تھا۔
نئی ڈیل کے تحت Beauty Bay کے 62 ملازمین نئی کمپنی کے ساتھ منتقل ہو جائیں گے جبکہ کمپنی کے شریک بانی ایرون گابی کچھ عرصے تک کاروبار کے انتقالی مرحلے میں مدد کے لیے ادارے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
کمپنی کے بانی ایرون اور ڈیوڈ گابی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے گزشتہ 27 سالوں میں کمپنی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹیم نے مشکل حالات میں بھی بھرپور تعاون کیا۔
1999 میں قائم ہونے والی Beauty Bay برطانیہ کی بڑی آن لائن بیوٹی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے جو 200 سے زائد عالمی برانڈز کی مصنوعات فروخت کرتی ہے اور اس کے دنیا بھر میں پانچ ملین سے زیادہ صارفین ہیں۔
کمپنی کی اپنی مصنوعات کی لائن By Beauty Bay بھی ہے جس میں ہیئر کیئر، اسکن کیئر، میک اپ، باڈی کیئر اور بیوٹی ٹولز شامل ہیں۔
فی الحال کمپنی کی ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا ہے:
“We’ll be back soon – Beauty Bay is offline right now.”
