تکبیر نیوز (میورکا): اسپین کے جزیرے میورکا میں چھٹیاں منانے کے لیے آنے والے ایک برطانوی خاندان کی خوشیاں اس وقت غم میں بدل گئیں جب ان کی 3 سالہ بیٹی ایلری ایلیسمیئر (Eleri Ellesmere) سوئمنگ پول میں پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد جانبر نہ ہو سکی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 24 جون کی شام پیش آیا، جب خاندان جزیرے کے علاقے پولینسا کے قریب ایک ولا میں مقیم تھا۔ بچی کو بے ہوشی کی حالت میں سوئمنگ پول سے نکالا گیا، جس کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر سی پی آر (CPR) دی، جبکہ بعد ازاں اسے سون ایسپاسیس اسپتال، پالما منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے بچی کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ اگلے روز دم توڑ گئی۔
برطانیہ کی گوینٹ کورونر کورٹ میں ابتدائی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ بچی کی ابتدائی وجۂ وفات ڈوبنے کے نتیجے میں سانس بند ہونا قرار دی گئی ہے، جبکہ حتمی انکوائری آئندہ سال 13 اپریل 2027 کو دوبارہ سنی جائے گی۔
بچی کے والدین نے اپنے بیان میں کہا کہ جو تعطیلات خوشیوں سے بھرپور ہونی چاہیے تھیں، وہ ان کی زندگی کا سب سے دردناک لمحہ بن گئیں۔ انہوں نے اسپین کی ایمبولینس اور اسپتال کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بچی کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
اہل خانہ اب بچی کی میت کو برطانیہ منتقل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جبکہ آخری رسومات کے اخراجات میں مدد کے لیے ایک فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کی گئی ہے۔
