تکبیر نیوز (سوات): خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل بریکوٹ میں پیش آنے والے فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ بریکوٹ کے علاقے ابوہا میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال بریکوٹ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی پر فائرنگ کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
دوسرا واقعہ بریکوٹ کے علاقے مانیار میں پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ سے دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات الگ الگ نوعیت کے ہیں اور ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
