(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم کے معروف نائٹ کلب Snobs سنوبز کو آسٹن ولا کے یوروپا لیگ فائنل کیلئے خصوصی فین زون میں تبدیل کیا جا رہا ہے جہاں شائقین بڑی اسکرینوں پر میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق Aston Villa F.C. آسٹن ولا 20 مئی کو یوئیفا یوروپا لیگ فائنل میں جرمن کلب SC Freiburg فریبرگ کے مدمقابل ہوگا جبکہ فائنل ترکیہ کے شہر استنبول میں کھیلا جائے گا۔
44 برس بعد کسی بڑے یورپی فائنل میں پہنچنے والی آسٹن ولا کی تاریخی کامیابی کے موقع پر برمنگھم کی براڈ اسٹریٹ پر واقع سنوبز میں خصوصی فین زون قائم کیا جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق فین زون میں دیوہیکل 4K ویڈیو والز، 80 انچ ٹی وی اسکرینز اور جدید ساؤنڈ سسٹم نصب کیے جائیں گے تاکہ شائقین کو اسٹیڈیم جیسا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ایونٹ کیلئے ابتدائی ٹکٹ صرف 3 پاؤنڈ میں دستیاب ہیں جبکہ بعد ازاں ان کی قیمت 5 پاؤنڈ ہو جائے گی۔
میچ رات 8 بجے شروع ہوگا تاہم شائقین کیلئے شام 6 بجے سے داخلہ کھول دیا جائے گا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران 18 سال سے کم عمر افراد کو بھی داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان کے ساتھ کسی بالغ فرد کا موجود ہونا لازمی ہوگا۔
فین زون میں میچ کے بعد رات 11 بجے تک جشن کی تقریبات، خصوصی ڈرنکس آفرز اور فٹبال ترانے بھی پیش کیے جائیں گے۔
سنوبز انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ “ہمیں خوشی ہے کہ آسٹن ولا جیسے مقامی کلب نے ایک بڑے یورپی فائنل میں جگہ بنائی اور ہم شائقین کیلئے یادگار ماحول تیار کر رہے ہیں۔”
یہ مقام برمنگھم کی براڈ اسٹریٹ پر واقع ہے جہاں ٹرام اسٹاپ بھی موجود ہے، جس کے ذریعے نیو اسٹریٹ، سنو ہل اور دیگر علاقوں تک آسان رسائی ممکن ہے۔
