تکبیر نیوز (کراچی): کراچی کے تین مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ ایک ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں، جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
فقیرہ گوٹھ میں مبینہ مقابلہ
سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق فقیرہ گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کیلئے تلاش جاری ہے۔
قصبہ کالونی میں کارروائی
دوسری کارروائی پیر آباد پولیس نے قصبہ کالونی میں خفیہ اطلاع پر کی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم زخمی ہوگیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزم دو روز قبل 30 سالہ محمد شاہ کے قتل کے مقدمے میں ملوث ہے۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
منگھو پیر میں دو ملزمان گرفتار
ادھر منگھو پیر پولیس کے مطابق اجتماع گاہ روڈ کے قریب مبینہ طور پر دوطرفہ فائرنگ کے بعد مزید دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
تینوں واقعات میں زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
