تکبیر نیوز (لندن): لندن میں معروف عالمی گلوکاروں اور میوزک بینڈز کے ہزاروں جعلی ونائل ریکارڈ تیار اور فروخت کرنے والے 40 سالہ ریحان احمد کو کاپی رائٹ کی خلاف ورزی اور غیر قانونی کاروبار چلانے کے جرم میں ساڑھے تین سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
ریحان احمد فینکس آف ونائل کے نام سے کاروبار چلا رہا تھا، جہاں سے ایڈیل، اریانا گرانڈے، بیونسے، ریحانا، ڈریک اور بیڈ بنی سمیت متعدد معروف فنکاروں کے غیر قانونی ریکارڈ فروخت کیے جاتے تھے۔
اس کے علاوہ مشہور برطانوی میوزک بینڈ دی بیٹلز کے ریکارڈز کی جعلی نقول بھی فروخت کی جارہی تھیں۔
ایک ریکارڈ کی آزمائشی خریداری سے راز کھل گیا
رپورٹ کے مطابق ریحان احمد کے کاروبار کا پردہ 2024 میں اس وقت فاش ہوا جب برٹش فونوگرافک انڈسٹری کے ایک نمائندے نے اس کی کمپنی سے آزمائشی طور پر ایک ریکارڈ خریدا۔
اس کے بعد پولیس نے کاروباری مقام پر چھاپہ مارا، جہاں سے برطانیہ میں اب تک سامنے آنے والے جعلی میوزک ریکارڈز کے سب سے بڑے ذخیرے میں سے ایک برآمد ہوا۔
تحقیقات کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 791 ونائل ریکارڈز ملے، جن پر 108 مختلف فنکاروں کی موسیقی موجود تھی۔
دکانوں اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت
عدالت کو بتایا گیا کہ فینکس آف ونائل جعلی ریکارڈز فروخت کرنے کیلئے مختلف ذرائع استعمال کررہا تھا۔
یہ ریکارڈ لندن کی بعض میوزک دکانوں کو فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ای بے اور ڈسکاگز جیسے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے براہ راست خریداروں کو بھی فروخت کیے جاتے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ محض پلاسٹک کی سستی نقول نہیں تھیں بلکہ انہیں تقریباً 70 سال پرانی مشینوں کے ذریعے حقیقی ونائل ڈسکس کی شکل میں تیار کیا جاتا تھا، تاہم ان پر موجود موسیقی کی تیاری اور فروخت کیلئے قانونی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔
موسیقی کی صنعت کو بھاری نقصان
برٹش فونوگرافک انڈسٹری میں مواد کے تحفظ کے شعبے کے ڈائریکٹر پیٹر ریٹکلف کے مطابق اس غیر قانونی کاروبار کے باعث فنکاروں، ریکارڈ کمپنیوں اور موسیقی کی صنعت سے وابستہ دیگر افراد کو کروڑوں پاؤنڈ کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مطابق یہ ایک منظم اور منافع بخش جعلی ریکارڈ تیار کرنے کا کاروبار تھا، جس نے ونائل ریکارڈز کی دوبارہ بڑھتی ہوئی مقبولیت سے فائدہ اٹھایا۔
جعلی ریکارڈز سے نہ صرف فنکاروں اور قانونی کاروبار کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ ایسے خریدار بھی متاثر ہوتے ہیں جو انہیں اصل ریکارڈ سمجھ کر خریدتے ہیں۔
ونائل ریکارڈز کی مقبولیت میں دوبارہ اضافہ
گزشتہ کئی برسوں کے دوران آن لائن موسیقی سننے کے ذرائع کی مقبولیت کے باوجود روایتی ونائل ریکارڈز اور سی ڈیز کی فروخت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
اسی بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ جعلی ریکارڈز کی غیر قانونی مارکیٹ بھی موسیقی کی صنعت کیلئے ایک نیا چیلنج بن رہی ہے۔
استغاثہ کے مطابق ریحان احمد نے غیر قانونی کاروبار چلانے اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا جرم قبول کیا، جس کے بعد اسے ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔
