تکبیر نیوز (ایتھنز): یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں مشہور تاریخی مقام ایکروپولس کے قریب ایک دو منزلہ عمارت میں زوردار دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا، جبکہ تین سیاحوں سمیت پانچ افراد لاپتا بتائے جارہے ہیں۔
دھماکا ایتھنز کے قدیم ترین علاقوں میں شمار ہونے والے پلاکا میں لائسی کریٹس اسٹریٹ پر مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 30 منٹ پر ہوا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کا علاقہ لرز اٹھا جبکہ 20ویں صدی کی عمارت کا اگلا حصہ منہدم ہوگیا۔
دو خواتین کو زندہ نکال لیا گیا
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، طبی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
یونانی فائر سروس کے مطابق عمارت سے دو خواتین کو بحفاظت نکال لیا گیا، جنہیں بعد ازاں علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
امدادی کارروائیوں میں 24 فائر فائٹرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ ملبے اور متاثرہ عمارت میں لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق پانچ افراد کا تاحال سراغ نہیں مل سکا، جن میں مبینہ طور پر تین سیاح بھی شامل ہیں۔
دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
شدید دھماکے سے ملبہ اردگرد کی تنگ گلیوں میں پھیل گیا جبکہ جائے حادثہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔
قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ فائر سروس کے مطابق دھماکے سے بعض ہمسایہ عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
گیس کے اخراج کا شبہ
ابتدائی اطلاعات میں دھماکے کی ممکنہ وجہ گیس کا اخراج بتائی جارہی ہے، تاہم حکام نے ابھی اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
فائر سروس اور دیگر متعلقہ ادارے دھماکے کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کررہے ہیں۔
ایکروپولس سے چند منٹ کی مسافت پر واقع متاثرہ علاقے کو بدستور بند رکھا گیا ہے جبکہ ہنگامی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش اور عمارت کے ملبے کی جانچ میں مصروف ہیں۔
حکام کی جانب سے لاپتا افراد کی شناخت یا قومیتوں کے بارے میں فی الحال مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
