تکبیر نیوز (کنشاسا): افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں ایک فوجی طیارہ دورانِ پرواز فنی خرابی کے بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے میں سوار 13 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فوجی طیارہ کیک وِٹ سے دارالحکومت کنشاسا جارہا تھا کہ دورانِ پرواز اس میں مبینہ طور پر فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
صوبہ کوانگو کے نائب گورنر ریمی ساکی بوکنڈا کے مطابق طیارے کے عملے نے خرابی کے بعد کینگے میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، تاہم طیارہ ایک رہائشی جگہ پر گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
تمام افراد کی ہلاکت کی اطلاع
نائب گورنر کے مطابق طیارے میں سوار تمام افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
انہوں نے بتایا کہ 12 افراد کی لاشیں آگ کے باعث ناقابل شناخت حالت میں ملیں جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے ملبے سے باہر ملی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ متعدد اعلیٰ فوجی افسران بھی شامل بتائے گئے ہیں۔
فوج کے آڈیٹر جنرل بھی طیارے میں سوار تھے
رپورٹ کے مطابق مسافروں میں کانگو کی فوج کے آڈیٹر جنرل، جنرل لیکولیا باکومی بھی شامل تھے۔
ان کے علاوہ فوج کے کئی دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی طیارے میں سفر کررہے تھے۔
حادثے کے فوری بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں طیارے کے ملبے سے شعلے اور دھواں اٹھتے دیکھا گیا جبکہ مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے حادثہ کے قریب جمع ہوگئی۔
حادثے کی تحقیقات شروع
جمہوریہ کانگو کے فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ابتدائی طور پر طیارے میں فنی خرابی کی اطلاع سامنے آئی ہے، تاہم حکام کی جانب سے حادثے کی حتمی وجہ ابھی مقرر نہیں کی گئی۔
تحقیقات میں طیارے کی فنی حالت، پرواز کے دوران پیدا ہونے والی خرابی اور کینگے میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
