تکبیر نیوز، لندن: برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے درمیان پہلی بار ردعمل دیتے ہوئے فادرز ڈے کے موقع پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
برطانوی میڈیا میں جاری رپورٹس کے مطابق وزیراعظم اس وقت اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سرکاری دیہی رہائش گاہ میں موجود ہیں، جبکہ سیاسی حلقوں میں ان کے ممکنہ استعفے اور قوم سے خطاب کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
کیئر اسٹارمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے والد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ والد ہونا ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ اپنے والد کو یاد کر رہے ہیں اور اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے لیے کیسے والد ہیں۔ انہوں نے تمام والدوں کو فادرز ڈے کی مبارکباد بھی دی۔
دوسری جانب برطانوی سیاست میں وزیراعظم کی قیادت کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ کنزرویٹو جماعت کے رہنما میل اسٹرائیڈ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وزیراعظم کے بعض ساتھی بھی ان پر عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
میل اسٹرائیڈ کا کہنا تھا کہ اگر قیادت میں تبدیلی بھی آتی ہے تو اس سے حکومتی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مسائل کی جڑ حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں میں ہے، محض چہرے بدلنے سے صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔
ادھر حکومتی وزیر پیٹر کائل نے کہا ہے کہ لیبر پارٹی کو سیاسی چیلنجز کے وقت اندرونی اختلافات کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور جماعت کو متحد رہ کر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے استعفے سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں زیر گردش ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔
