تکبیر نیوز، لندن
برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اور اعزاز اس وقت سامنے آیا جب محمد اسلام نے کروڈن کے سِوک میئر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
کروڈن ٹاؤن ہال میں منعقدہ تقریب کے بعد اپنے پیغام میں محمد اسلام نے اس اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک قابلِ فخر اور انتہائی عاجزی کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ اور میئریس فرحانہ اسلام کے ہمراہ اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پُرعزم ہیں اور کروڈن کے تمام شہریوں اور کمیونٹیز کی نمائندگی کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتے ہیں۔
محمد اسلام کا کہنا تھا کہ سِوک میئر کے طور پر ان کی ترجیح تمام برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، شمولیت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ کروڈن کی متنوع آبادی کی خدمت اور کمیونٹی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سیاسی، سماجی اور کمیونٹی حلقوں کی جانب سے محمد اسلام کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی جا رہی ہے جبکہ اسے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اور قابلِ فخر پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
