تکبیر نیوز، ایڈنبرا: اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا میں مختلف مقامات پر پیش آنے والے پُرتشدد واقعات میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے 36 سالہ شخص پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق جمعے کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کے بعد انسدادِ دہشت گردی کے ماہر افسران کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں دو افراد کی عمر 22 سال جبکہ دیگر کی عمریں 24، 27 اور 39 سال بتائی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے اور ان میں سے تین افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا، تاہم خوش قسمتی سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے اور نہ ہی کسی زخمی کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ جمعے کی رات تقریباً 8 بج کر 50 منٹ پر سائیتھل کے علاقے میں پیش آیا جہاں دو افراد زخمی ہوئے۔ اس کے بعد شہر کے مغربی اور شمالی علاقوں میں بھی متعدد واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں جن میں بعض کاروباری مراکز اور افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
برطانوی مسلم تنظیموں کے مطابق متاثرہ افراد میں کئی مسلمان بھی شامل ہیں، جس کے بعد واقعے کے ممکنہ محرکات اور پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسکاٹ لینڈ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ 36 سالہ شخص کو ان واقعات کے سلسلے میں باقاعدہ طور پر چارج کر دیا گیا ہے اور مقدمے کی رپورٹ پراسیکیوٹر کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اسکاٹ لینڈ کے وزیرِاعلیٰ John Swinney نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تشدد، نسل پرستی اور عدم برداشت کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام برادریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کے وزیرِ انصاف Neil Gray نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، نسل پرستی اور مذہبی بنیادوں پر تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
پولیس نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ایک خصوصی معلوماتی پورٹل قائم کر دیا ہے تاکہ شہری واقعے سے متعلق ویڈیوز، تصاویر یا دیگر معلومات براہِ راست تفتیشی حکام تک پہنچا سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال قابو میں ہے اور عوام کیلئے کسی اضافی خطرے کی اطلاع نہیں، تاہم تحقیقات بدستور جاری ہیں۔
