(تکبیر نیوز—- برطانیہ، سینڈویل) برطانیہ کے سینڈویل کونسل میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد ریفارم یوکے نے رے ناک کو کونسل کا نیا لیڈر منتخب کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریفارم یوکے نے 72 میں سے 41 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی جبکہ لیبر پارٹی تقریباً 47 سال بعد کونسل کا کنٹرول برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔
رے ناک آئندہ مکمل کونسل اجلاس میں باضابطہ طور پر کونسل لیڈر منتخب کر لیے جائیں گے۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رے ناک نے کہا کہ وہ سینڈویل کو نئی سمت دینا چاہتے ہیں کیونکہ علاقہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینڈویل میں غربت، صحت، تعلیم اور رہائش کے مسائل انتہائی سنگین ہو چکے ہیں اور اب تبدیلی لانا ناگزیر ہے۔
رے ناک نے کہا کہ “میں اس ڈوبتی کشتی کا رخ موڑنا چاہتا ہوں، یہ علاقہ گزشتہ 20 سے 30 برس سے بحران کا شکار ہے۔”
دوسری جانب سبکدوش ہونے والی لیبر کونسل لیڈر کیری کارمائیکل نے ریفارم یوکے کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب نئے منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کیلئے درست فیصلے کریں اور اپنے وعدوں پر عمل کریں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سینڈویل میں ریفارم یوکے کی کامیابی برطانوی سیاست میں بڑی تبدیلی کی علامت سمجھی جا رہی ہے جبکہ یہ نتائج لیبر پارٹی کیلئے ایک بڑا دھچکا قرار دیے جا رہے ہیں۔
