برطانیہ: پب مالک کو ایک مکے سے قتل کرنے والا 36 سالہ شخص مجرم قرار، سزا 5 جنوری کو سنائی جائے گی
تکبیر نیوز (لچفیلڈ): برطانیہ کے علاقے اسٹافورڈ شائر میں ایک شراب خانے کے اندر 44 سالہ پب مالک کو گردن پر زوردار مکا مار کر قتل کرنے والے 36 سالہ شخص کو عدالت نے مجرم قرار دے دیا۔ قتل کا جرم ثابت ہونے والا بلی ایلیسن ریز دی کلرز نامی تنظیم کا رکن ہے، جبکہ عدالت نے اسے مقتول کے ایک ساتھی کو جان بوجھ کر شدید زخمی کرنے کا بھی مجرم قرار دیا ہے۔
اسٹافورڈ کراؤن کورٹ میں بتایا گیا کہ واقعہ 24 مئی 2026 کی رات لچفیلڈ کے ریکو اینڈ لورین بار میں پیش آیا، جہاں سولی ہل کے علاقے شرلی سے تعلق رکھنے والے بلی ایلیسن نے 44 سالہ میتھیو اوگارا پر اچانک حملہ کردیا تھا۔
میتھیو اوگارا لچفیلڈ کے نواح میں واقع دی پلاؤ نامی پب چلاتا تھا۔ واقعے کے وقت وہ بار کے ڈانس فلور پر موجود تھا اور اسے پیچھے سے گردن پر انتہائی طاقتور مکا مارا گیا۔
استغاثہ کے وکیل ٹموتھی ہینم نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ماضی میں باکسنگ مقابلوں میں حصہ لے چکا تھا اور کامیابیاں بھی حاصل کرچکا تھا۔ اس نے ایک تجربہ کار باکسر کی طرح پوری طاقت سے وار کیا۔
عدالت میں بتایا گیا کہ مکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مقتول کی گردن کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور ایک اہم شریان پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں دماغ کے نچلے حصے میں شدید خون بہنے لگا۔
حملے کے بعد میتھیو اوگارا بے ہوش ہوگیا اور اس کے دل کی دھڑکن بھی بند ہوگئی۔ اسے برمنگھم کے کوئین الزبتھ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دو روز بعد 26 مئی کو دم توڑ گیا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق بلی ایلیسن نے اس کے بعد مقتول کے 62 سالہ دوست ایڈم کوپر کو بھی دو مکے مارے، جس سے اس کی آنکھ کے گرد ہڈی اور ناک ٹوٹ گئی۔
استغاثہ کے مطابق تقریباً چھ فٹ پانچ انچ لمبے ملزم نے محض چھ سیکنڈ کے دوران دو افراد پر انتہائی طاقتور مکے برسائے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بلی ایلیسن واقعے سے قبل اپنی ساتھی شارلٹ ڈین اور ریز دی کلرز تنظیم سے وابستہ ریان برج اور بین کولن سمیت دیگر افراد کے ہمراہ لچفیلڈ میں مختلف شراب خانوں میں گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے شراب نوشی کے علاوہ کوکین بھی استعمال کی تھی۔
حملے کے بعد بلی ایلیسن اپنے ساتھی بین کولن کے ہمراہ بار کے پچھلے راستے سے فرار ہوگیا۔ دونوں نے راستے میں اپنی شرٹس تبدیل کیں، جبکہ ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے اپنا چہرہ بھی ڈھانپ لیا۔
پولیس نے سی سی ٹی وی تصاویر کی مدد سے ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور بعد ازاں بلی ایلیسن کو صبح تقریباً پانچ بجے لچفیلڈ کے ایک ہوٹل سے گرفتار کرلیا۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے بلی ایلیسن نے مقتول کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کا کسی کو قتل کرنے یا شدید زخمی کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔
ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس وقت بہت زیادہ نشے میں تھا اور اسے محسوس ہورہا تھا کہ کچھ لوگ اسے گھور رہے ہیں۔ اس نے اپنے اقدام کو لمحاتی جنون قرار دیا۔
تاہم اس نے تسلیم کیا کہ میتھیو اوگارا اور ایڈم کوپر نے اس کے ساتھ ایسا کچھ نہیں کیا تھا جس کی بنیاد پر ان پر حملہ کیا جاتا۔
اسٹافورڈ کراؤن کورٹ میں سات مردوں اور پانچ خواتین پر مشتمل جیوری نے تقریباً چار گھنٹے غور و خوض کے بعد بلی ایلیسن کو میتھیو اوگارا کے قتل اور ایڈم کوپر کو جان بوجھ کر شدید زخمی کرنے کا مجرم قرار دیا۔
جیوری کو مقدمے کی سماعت کے دوران بلی ایلیسن کے ریز دی کلرز تنظیم سے تعلق کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
فیصلہ سنائے جانے پر بلی ایلیسن انتہائی پریشان دکھائی دیا اور جج کی اجازت کے بغیر ملزمان کے کٹہرے سے نکل کر حراستی حصے کی طرف چلا گیا۔
مقدمے کی سماعت کرنے والے جج اوِک مکھرجی نے جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔
عدالت نے بلی ایلیسن کو سزا سنانے کے لیے 5 جنوری 2027 کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
جج نے واضح کیا کہ مجرم کو سزا کی سماعت میں ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا، تاہم انکار کی صورت میں بھی اس کی غیر موجودگی میں سزا سنائی جاسکتی ہے۔
بلی ایلیسن کو قتل اور شدید جسمانی نقصان پہنچانے کے جرائم میں مجرم قرار دیا جاچکا ہے، تاہم اسے ابھی سزا نہیں سنائی گئی۔
