تکبیر نیوز (کاؤنٹی ڈرہم): برطانیہ کے شمال مشرقی علاقے کاؤنٹی ڈرہم میں ایک گھر پر فائرنگ کرنے اور پیٹرول بم پھینکنے والے 44 سالہ شخص کو 15 سال قید کی سزا سنادی گئی، پولیس کے مطابق حملہ انتہائی خطرناک تھا جو باآسانی کسی بڑے سانحے میں تبدیل ہوسکتا تھا۔
پولیس کو گزشتہ سال 5 دسمبر کو برن ہوپ کے فرنٹ اسٹریٹ پر واقع ایک گھر پر اسلحہ چلائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق گھر پر پیٹرول سے بھری شیشے کی بوتلیں بھی پھینکی گئی تھیں، جن کے باعث گھر کے باغ میں آگ بھڑک اٹھی۔
خوش قسمتی سے آگ کو فوری طور پر بجھا دیا گیا اور واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور بشپ آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ آئین باڈی کو گرفتار کرکے متعدد الزامات عائد کیے گئے، تاہم اس نے الزامات سے انکار کیا تھا۔
تحقیقات کے دوران پیٹرول بم میں استعمال ہونے والی بتی سے آئین باڈی کا ڈی این اے ملا، جبکہ پولیس کو اس کے کام کی جگہ سے ایسی شیشے کی بوتلیں بھی ملیں جو حملے میں استعمال ہونے والی بوتلوں سے مماثلت رکھتی تھیں۔
جمعرات کو ڈرہم کراؤن کورٹ میں جیوری نے متفقہ طور پر آئین باڈی کو جان کو خطرے میں ڈالنے کی نیت سے آتشیں اسلحہ رکھنے اور جان کو خطرے میں ڈالنے کی نیت سے آتش زنی کے جرائم میں مجرم قرار دیا۔
عدالت نے جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے 15 سال قید کی سزا سنادی۔
ڈرہم کانسٹیبلری کی عارضی ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر ہنّا ولسن نے کہا کہ برن ہوپ میں کیا گیا حملہ دانستہ اور وہاں رہنے والے افراد کیلئے انتہائی خوفناک تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعہ باآسانی ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہوسکتا تھا اور کاؤنٹی ڈرہم میں اس نوعیت کے تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پولیس نے تحقیقات میں تعاون کرنے پر مقامی کمیونٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
