راولپنڈی میں گھر میں گھس کر فائرنگ، ذہنی بیماری میں مبتلا بھائی جاں بحق، دو بہنیں شدید زخمی
تکبیر نیوز (راولپنڈی): پنجاب کے شہر راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ذہنی بیماری میں مبتلا بہن بھائیوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی دو بہنیں شدید زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے حملہ آوروں کی تلاش اور قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ پیرودھائی کی حدود میں محلہ ولایتیاں میں مدنی مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں موجود تین بہن بھائیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔
حکام کے مطابق مقتول کی شناخت رشید اعجاز کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 40 سے 45 سال بتائی گئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والی اس کی دو بہنوں کے نام رابعہ اور عابدہ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں بہن بھائی ذہنی بیماری کے باعث مشکلات کا شکار تھے اور محلہ ولایتیاں میں تین مرلے کے ایک مکان میں اکٹھے رہائش پذیر تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ان کے والد تقریباً دو ماہ قبل انتقال کرگئے تھے، جس کے بعد تینوں بہن بھائی گھر میں رہتے تھے جبکہ قریبی رشتہ دار ان کی دیکھ بھال اور کھانے پینے کی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق بدھ 18 نومبر کی رات نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کردی۔
گولیاں لگنے سے رشید اعجاز موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ رابعہ اور عابدہ شدید زخمی ہوگئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ دونوں زخمی خواتین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سینئر پولیس افسران نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جبکہ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کی اصل وجوہات معلوم کی جاسکیں۔
پولیس کے مطابق مقتول اور اس کی دونوں بہنیں تعلیم یافتہ تھیں، تاہم ذہنی بیماری کے باعث انہیں روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا تھا اور وہ زیادہ تر الگ تھلگ رہتے تھے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔ پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ تینوں بہن بھائیوں کو کس وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم حملہ آوروں کی شناخت یا گرفتاری سے متعلق فی الحال کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پولیس نے شواہد کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھانے اور واقعے میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
