تکبیر نیوز (لندن): جنوب مشرقی لندن کے علاقے بروملی میں چاقو حملے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جبکہ میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کے بعد سات افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بروملی ہائی اسٹریٹ پر پیش آیا۔ لندن ایمبولینس سروس اور لندن ایئر ایمبولینس کو دوپہر تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔
زخمی ہونے والے چاروں افراد مرد ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک شخص بدستور اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے، جبکہ دیگر تین افراد کے زخم جان لیوا نہیں سمجھے جارہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جھگڑے کا آغاز بروملی ہائی اسٹریٹ پر واقع کے ایف سی ریسٹورنٹ میں ہوا۔ کے ایف سی کے ترجمان نے وہاں ایک سنگین واقعہ پیش آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پولیس کی تحقیقات میں تعاون کررہی ہے اور اپنے عملے اور گاہکوں کو معاونت فراہم کررہی ہے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے کے ایف سی کے دروازے کے قریب جھگڑا ہوتے دیکھا، جس میں شامل کچھ افراد ریسٹورنٹ کے اندر جبکہ کچھ باہر موجود تھے۔
عینی شاہد کے مطابق سرمئی ٹریک سوٹ پہنے ایک شخص نے مبینہ طور پر بڑا چاقو نما ہتھیار نکالا اور اسے ہوا میں اٹھائے ریسٹورنٹ کے اندر کی جانب دوڑا، جس کے بعد وہاں موجود لوگ خوف کے باعث بھاگنے لگے۔
قریب واقع ایک کاروبار کی منیجر نے بتایا کہ اس نے جھگڑے کو ہائی اسٹریٹ تک پھیلتے دیکھا، جس کے بعد صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر تین گاہکوں کو حفاظت کے لیے دکان کے اندر ہی رکھا اور دروازے بند کردیے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر ہنگامی کارروائی دیکھنے میں آئی۔ متعدد پولیس گاڑیوں اور اہلکاروں کے علاوہ ڈرون، ہیلی کاپٹر اور ایئر ایمبولینس بھی علاقے میں موجود رہے۔
پولیس کارروائی اور فرانزک تحقیقات کے باعث بروملی ہائی اسٹریٹ کو رنگرز روڈ سے ایتھلبرٹ روڈ تک دونوں سمتوں میں بند کردیا گیا، جبکہ پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود رہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور فی الحال وسیع پیمانے پر عوام کو کسی مزید خطرے کا خدشہ نہیں سمجھا جارہا۔
بروملی اینڈ بگن ہل کے رکن پارلیمنٹ پیٹر فارچیون نے کہا کہ واقعے کے بعد مقامی شہریوں میں تحفظ سے متعلق خدشات پیدا ہونا فطری ہے اور وہ پولیس سے رابطے میں رہیں گے۔
واقعے کی وجوہات اور اس میں ملوث افراد کے کردار سے متعلق پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
