(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ویلز)
ویلز کے ایک پرائمری اسکول میں دو 10 سالہ طلبہ کے درمیان جھگڑے کے دوران چاقو استعمال ہونے کے واقعے کے بعد پولیس اور اسکول انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 3 جون کی دوپہر پورٹ ٹالبوٹ کے علاقے میں واقع سینڈفیلڈز پرائمری اسکول کے کھیل کے میدان میں پیش آیا، جہاں دو بچوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔
جنوبی ویلز پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع دوپہر تقریباً ایک بج کر 20 منٹ پر موصول ہوئی۔ پولیس نے واقعے کو دو طلبہ کے درمیان ہونے والی جھڑپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
متاثرہ بچے کے ایک رشتہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ جھگڑے کے دوران چاقو استعمال کیا گیا اور ایک بچے کے ہاتھوں پر چاقو کے نشانات بھی آئے۔ تاہم پولیس نے تاحال اس حوالے سے باضابطہ طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا چاقو مبینہ طور پر اسکول کے باورچی خانے کا تھا اور اسے کسی طالب علم کی جانب سے گھر سے نہیں لایا گیا تھا۔
جنوبی ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں سے متعلق امور کے افسر والدین اور اسکول انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نیتھ پورٹ ٹالبوٹ کونسل کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ دو طلبہ کے درمیان جھگڑا پیش آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ صورتحال کو حفاظتی اور ضابطہ اخلاق کے تحت نمٹا رہی ہے۔
کونسل کے مطابق طلبہ اور عملے کی حفاظت اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک واقعے کی اصل نوعیت اور ذمہ داری کے تعین کے بارے میں مزید معلومات جاری نہیں کی جا سکتیں۔
