برطانیہ: ناٹنگھم میں ہر تین میں سے ایک بچہ غربت کا شکار، بڑھتے جرائم اور نوجوانوں میں تشدد کے خلاف بڑا منصوبہ
تکبیر نیوز (ناٹنگھم): برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں غربت سے متعلق تشویشناک اعدادوشمار سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق شہر کے تقریباً 34 فیصد بچے کم آمدنی والے خاندانوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مقامی کمیونٹی رہنماؤں نے نوجوانوں میں چاقو حملوں، پرتشدد واقعات اور غیر سماجی سرگرمیوں کو غربت اور مواقع کی کمی سے جوڑتے ہوئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ناٹنگھم سٹی کونسل نے مسائل کی بنیادی وجوہات دور کرنے کے لیے نئی طویل المدتی حکمتِ عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل 17 نومبر کو کونسل کے سینئر ارکان کے اجلاس میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ناٹنگھم میں 16 سال سے کم عمر کے 20 ہزار 591 بچے نسبتاً کم آمدنی والے گھرانوں میں رہتے ہیں۔ یہ شہر کے بچوں کی مجموعی تعداد کا تقریباً 34 فیصد ہے، جبکہ انگلینڈ میں یہ شرح تقریباً 20 فیصد بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ناٹنگھم میں اوسط ہفتہ وار آمدنی 525 پاؤنڈ ہے، جبکہ انگلینڈ کی اوسط 633 پاؤنڈ ہے۔ اس طرح شہر کے رہائشیوں کی اوسط ہفتہ وار کمائی قومی اوسط سے 108 پاؤنڈ کم ہے۔
اعدادوشمار سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ناٹنگھم کی تقریباً نصف آبادی ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہے جو ملک کے 20 فیصد سب سے زیادہ محروم علاقوں میں شمار ہوتے ہیں۔
شہر میں حالیہ عرصے کے دوران چاقوؤں اور بڑے تیز دھار ہتھیاروں کے ساتھ نوجوانوں کے درمیان تصادم اور خالی عمارتوں میں خطرناک انداز میں داخل ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
اولڈ مارکیٹ اسکوائر میں نوجوانوں کے گروہوں کی جانب سے بڑے تیز دھار ہتھیاروں کے ساتھ ایک دوسرے کا سامنا کرنے اور سابقہ ڈیبنہمز اسٹور کی خالی عمارت کی چھت پر نقاب پوش افراد کے چڑھنے کے واقعات نے مقامی سطح پر تشویش پیدا کی ہے۔
کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صرف پولیس کارروائیاں، پابندیاں یا نقاب پہننے کے خلاف اقدامات ان مسائل کی بنیادی وجوہات ختم نہیں کرسکتے، بلکہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، رہنمائی اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
ناٹنگھم میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم سوئچ اپ کے بانی مارسیلس باز نے کونسل کے نئے منصوبے کا خیرمقدم کیا، تاہم کہا کہ شہر میں ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران نوجوانوں کے مراکز بند ہونے اور سرکاری اخراجات میں کمی کے اثرات نوجوان نسل پر پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ مقامات اور مثبت سرگرمیوں کی کمی کے نتائج کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
بلویل میں نوجوانوں کی تنظیم ہیلپنگ کڈز اچیو کے بانی کیرن تھامسن نے کہا کہ غریب علاقوں کے نوجوان بعض اوقات بہتر زندگی کی تلاش میں جرائم پیشہ گروہوں یا منشیات کے کاروبار کی طرف مائل ہوجاتے ہیں کیونکہ انہیں مناسب رہنمائی اور مواقع میسر نہیں ہوتے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غربت اور نوجوانوں میں تشدد کے خاتمے کے منصوبوں میں مقامی کمیونٹی تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے، کیونکہ وہ روزانہ متاثرہ خاندانوں اور نوجوانوں کے ساتھ کام کرتی ہیں۔
ناٹنگھم سٹی کونسل نے یونیورسٹی کالج لندن کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ایکویٹی کے تعاون سے ایک طویل المدتی حکمتِ عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کی بنیاد معروف ماہر پروفیسر مائیکل مارموٹ کے آٹھ اصولوں پر ہوگی، جن میں بچوں کو زندگی کا بہتر آغاز فراہم کرنا، منصفانہ روزگار، صحت مند معیارِ زندگی، نسل پرستی اور امتیازی سلوک کا خاتمہ اور مضبوط مقامی کمیونٹیز کی تشکیل شامل ہیں۔
کونسل کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 18 لاکھ پاؤنڈ مختص کیے جائیں گے۔ اس رقم میں سے تین لاکھ پاؤنڈ یونیورسٹی کالج لندن کی معاونت، تین لاکھ پاؤنڈ کمیونٹی کی شمولیت، ساڑھے چار لاکھ پاؤنڈ مالی مشکلات کے بارے میں ماہرانہ مشوروں، پانچ لاکھ پاؤنڈ غربت کے مسائل کو مدنظر رکھنے والی خدمات اور ڈھائی لاکھ پاؤنڈ کونسل ملازمین کی تربیت پر خرچ کیے جائیں گے۔
کونسل میں بالغ افراد کی سماجی نگہداشت اور صحت کی ذمہ دار کونسلر ہیلن کلسی نے کہا کہ غربت صحت کی سہولتوں اور زندگی کے مواقع میں عدم مساوات کی ایک اہم وجہ ہے اور برسوں کی کفایت شعاری کی پالیسیوں نے ان مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
ناٹنگھم سٹی کونسل کی سربراہ کونسلر نگہت خان نے کہا کہ منصوبے کا مقصد صرف مسائل پیدا ہونے کے بعد امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ خاندانوں کو مالی اور سماجی بحران کا شکار ہونے سے پہلے سہارا دینا ہے۔
ان کے مطابق ابتدائی 18 لاکھ پاؤنڈ ایک مثبت آغاز ہیں، تاہم مستقبل میں مزید وسائل کی فراہمی پر بھی غور کرنا ہوگا۔
کونسل پہلے ہی کمزور مالی حالات والے رہائشیوں کی معاونت کے لیے دو کروڑ 10 لاکھ پاؤنڈ کا کرائسس اینڈ ریزیلینس فنڈ قائم کرچکی ہے۔
اس کے علاوہ بچوں کے لیے مفت کتابوں کی فراہمی، حاملہ خواتین کے لیے وٹامنز، اسکول کی تعطیلات میں خاندانوں کو تفریحی سہولتوں تک مفت رسائی، بزرگوں کے لیے مفت تفریحی خدمات اور مالی مشاورت جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔
کونسل کا کہنا ہے کہ نئی حکمتِ عملی کے ذریعے غربت، معاشرتی عدم مساوات اور ان سے جڑے مسائل کی بنیادی وجوہات پر طویل مدت میں قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔
