برطانیہ: گاڑی میں سوار دو افراد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کرنے والا محمد منیر خان مجرم قرار
تکبیر نیوز (وولورہیمپٹن): برطانیہ کے شہر وولورہیمپٹن میں گاڑی کے اندر دو افراد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کرنے والے 39 سالہ محمد منیر خان کو عدالت نے دوہرے قتل اور اقدام قتل کا مجرم قرار دے دیا۔ مجرم نے واردات کے بعد جعلی شناخت پر پاسپورٹ حاصل کرکے ملک سے فرار ہونے کی بھی کوشش کی تھی، جبکہ اس کی مدد کرنے والا 35 سالہ شخص بھی انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا مجرم قرار پایا ہے۔
وولورہیمپٹن کراؤن کورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ 19 ستمبر 2025 کی علی الصبح شہر کے علاقے وٹمور رینز کی ہیرو اسٹریٹ پر پیش آیا، جہاں ایک گاڑی میں سوار افراد پر فائرنگ کی گئی تھی۔
عدالت کے مطابق 28 سالہ ڈوین ملز اور 32 سالہ سید زین علی اپنے تیسرے ساتھی ساحل ادریس کے ہمراہ آڈی اے فور گاڑی میں سوار تھے۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ تینوں افراد رات تین بجے کے کچھ دیر بعد ہیرو اسٹریٹ پہنچے، جہاں انہوں نے سڑک پر کھڑی ایک سیاہ رنگ کی آڈی آر ایس سکس گاڑی پر لوہے کی سلاخ اور ہتھوڑے سے حملہ کرکے اسے نقصان پہنچایا۔
یہ گاڑی محمد منیر خان کے زیر استعمال تھی، تاہم اس کی ملکیت کسی دوسرے شخص کے پاس تھی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اس واقعے کے چند لمحوں بعد جب تینوں افراد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہونے لگے تو محمد منیر خان نے ان پر فائرنگ کردی۔
استغاثہ کے مطابق حملہ آور نے گاڑی پر آٹھ گولیاں چلائیں، جن کے نتیجے میں ڈوین ملز اور سید زین علی کو سر میں گولیاں لگیں، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی ساحل ادریس محفوظ رہا۔
28 سالہ ڈوین ملز موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ شدید زخمی سید زین علی کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ سر میں آنے والے ناقابلِ علاج زخموں کے باعث وہ پانچ روز بعد دم توڑ گیا۔
استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ فائرنگ اندھا دھند کسی بھی شخص کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں کی گئی تھی بلکہ گولیاں انہی افراد پر چلائی گئیں جنہوں نے چند لمحے قبل کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچایا تھا۔
واقعے کے بعد محمد منیر خان نے قانون کی گرفت سے بچنے اور مبینہ طور پر برطانیہ سے فرار ہونے کے لیے جعلی شناخت پر پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق اس نے دوسرے شخص کی شکل اختیار کرنے کے لیے اپنے سر کے بال اور داڑھی منڈوا دی، تاکہ پاسپورٹ دفتر میں اپنی شناخت چھپا سکے۔
اس منصوبے میں برمنگھم کے علاقے برومفورڈ وے سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ یاسین پٹیل نے بھی اس کی مدد کی۔
پولیس کے مطابق محمد منیر خان، یاسین پٹیل کے ساتھ پاسپورٹ دفتر گیا تھا، جہاں وہ کسی دوسرے شخص کے نام پر سفری دستاویز حاصل کرنا چاہتا تھا۔
یاسین پٹیل نے پولیس کو دیے گئے بیانات میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ جان بوجھ کر پاسپورٹ فراڈ کی کوشش میں شریک نہیں ہوا۔
تاہم تفتیش کے دوران دونوں افراد سے منسلک موبائل فونز کی جانچ پڑتال میں ایسے پیغامات سامنے آئے جن میں والدین، تعلیم اور ملازمت سے متعلق معلومات موجود تھیں۔ پولیس کے مطابق یہ تفصیلات پاسپورٹ کی درخواست مکمل کرنے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔
بدھ 18 نومبر کو وولورہیمپٹن کراؤن کورٹ کی جیوری نے محمد منیر خان کو دو افراد کے قتل، ایک شخص کے اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرائم میں مجرم قرار دیا۔
محمد منیر خان اس سے قبل جعلی نام سے پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کے سلسلے میں فراڈ کا اعتراف بھی کرچکا تھا۔
اسی مقدمے میں 35 سالہ یاسین پٹیل کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا مجرم قرار دیا گیا، جبکہ والسال کے سینٹ کیتھرینز کلوز سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ سمیر پٹیل کو اسی نوعیت کے الزام سے بری کردیا گیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی سینئر تفتیشی افسر جینی برچ نے عدالتی فیصلے کے بعد کہا کہ فائرنگ کے واقعے نے دو خاندانوں کی زندگیاں تباہ کردیں اور مقتولین کو جاننے والے متعدد افراد بھی اس سانحے سے متاثر ہوئے۔
ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے واقعے کے بعد مسلسل تحقیقات کرکے شواہد جمع کیے اور ذمہ دار شخص کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائی کی۔
عدالت نے محمد منیر خان اور یاسین پٹیل کو سزا سنانے کے لیے 18 دسمبر 2026 کی تاریخ مقرر کی ہے۔
دونوں افراد کو مجرم قرار دیا جاچکا ہے، تاہم انہیں ابھی سزا نہیں سنائی گئی۔
