(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ڈربی) برطانیہ کے شہر ڈربی میں رات گئے فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دیں اور عوام سے مدد کی اپیل کر دی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 26 اپریل کی رات تقریباً ڈھائی بجے بیکٹ ویل لین پر واقع ایک بار کے عقب میں پیش آیا جہاں فائرنگ کی اطلاع ملی۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
Derbyshire Constabulary کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں دو مردوں (عمریں 20 اور 46 سال) اور ایک 21 سالہ خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، جو اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد جائے وقوعہ سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں تاہم کیس کی تفتیش جاری ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعہ دیکھا ہو یا اس حوالے سے کوئی معلومات رکھتا ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے تاکہ ملزمان کے خلاف مضبوط کیس تیار کیا جا سکے۔
پولیس نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ آن لائن، فون یا دیگر ذرائع کے ذریعے معلومات فراہم کریں اور ریفرنس نمبر 26*245459 کا حوالہ دیں، جبکہ گمنام طور پر اطلاع دینے کے لیے کرائم اسٹاپرز سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
