برطانیہ: روچڈیل جنسی جرائم گینگ کے سربراہ شبیر احمد کو پاکستان ڈی پورٹ کرنے کیلئے ہر ممکن راستہ اختیار کرنے کا اعلان
تکبیر نیوز (لندن): برطانوی حکومت نے روچڈیل میں کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کے مقدمے میں سزا یافتہ 73 سالہ شبیر احمد کو پاکستان ڈی پورٹ کرنے کے عزم کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی برطانیہ سے بے دخلی کے لیے تمام قانونی اور ممکنہ راستوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
بدھ 18 نومبر کو برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز میں شبیر احمد کی بے دخلی کا معاملہ ایک مرتبہ پھر اٹھایا گیا، جہاں وزارتِ داخلہ کے وزیر لارڈ کولنز آف ہائیبری نے حکومت کے مؤقف کی وضاحت کی۔
شبیر احمد کو روچڈیل میں کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال اور زیادتی کے سنگین جرائم میں سزا سنائی گئی تھی۔ متاثرہ بچیوں میں بعض کی عمریں صرف 12 سال تھیں۔
شبیر احمد کو تقریباً 14 سال جیل میں گزارنے کے بعد جولائی 2026 میں رہا کیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد حکومت نے اسے پاکستان واپس بھیجنے کا اعلان کیا، تاہم برطانوی امیگریشن قوانین میں موجود قانونی رکاوٹ کے باعث اب تک اس کی بے دخلی ممکن نہیں ہوسکی۔
برطانوی حکومت پہلے ہی شبیر احمد کی برطانوی شہریت ختم کرچکی ہے اور اب اس کے پاس صرف پاکستانی شہریت باقی ہے۔
اس کے باوجود 1971 کے امیگریشن قانون کی ایک خصوصی شق اس کی بے دخلی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اس قانون کے تحت دولتِ مشترکہ کے بعض ایسے شہریوں کو بے دخل کرنے سے تحفظ حاصل ہے جو کئی دہائیاں قبل برطانیہ آکر مستقل آباد ہوئے تھے اور متعلقہ قانونی شرائط پوری کرتے ہیں۔
حکومت نے اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے امیگریشن قوانین میں تبدیلی اور خصوصی قانون سازی کے امکانات پر بھی غور کیا ہے۔
ہاؤس آف لارڈز میں اپوزیشن کے نمائندے لارڈ کیمرون آف لوکیل نے سوال اٹھایا کہ آیا برطانوی حکومت نے شبیر احمد کو قبول کرنے کے معاملے پر پاکستان کے خلاف ویزا پابندیاں عائد کرنے یا مالی امداد واپس لینے جیسے اقدامات پر غور کیا ہے۔
جواب دیتے ہوئے لارڈ کولنز نے کہا کہ حکومت شبیر احمد کی بے دخلی کے لیے ہر ممکن راستہ اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ان کے مطابق برطانیہ مختلف ممالک کے ساتھ مجرموں کی واپسی اور بے دخلی کے معاملات پر بات چیت کرتا رہتا ہے، تاہم اس نوعیت کے سفارتی مذاکرات کی ہر تفصیل عوام کے سامنے لانا مناسب نہیں ہوگا۔
وزیر نے بتایا کہ حکومت نے امیگریشن اور پناہ گزینوں سے متعلق قانون سازی کے ذریعے سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکی مجرموں کو ملک بدر کرنے کے لیے اضافی اختیارات فراہم کرنے پر بھی کام کیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دو برسوں کے دوران تقریباً 12 ہزار غیر ملکی مجرموں کو برطانیہ سے بے دخل کیا گیا، جو سابق کنزرویٹو حکومت کے آخری دو برسوں کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ تعداد ہے۔
لارڈ کولنز نے شبیر احمد کی برطانوی شہریت ختم کیے جانے کو ایک غیر معمولی اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت اسے ملک بدر کرنے کے فیصلے پر قائم ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے شبیر احمد کو قبول کیے جانے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی شہریت ترک کیے جانے کے سابقہ معاملے کی وجہ سے پاکستان اسے واپس لینے سے انکار کرسکتا ہے۔
تاہم برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ حکام یہ معاملہ اسلام آباد میں پاکستانی حکام کے ساتھ اٹھا چکے ہیں۔
اپوزیشن کے شیڈو وزیر داخلہ لارڈ کیمرون آف لوکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پاکستان شبیر احمد کو قبول کرنے پر آمادہ نہ ہو تو صرف برطانوی قانون میں رکاوٹ دور کرنا بے دخلی کے لیے کافی نہیں ہوگا۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ شبیر احمد کی بے دخلی کے لیے قانونی اور سفارتی امکانات کا جائزہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم اس کی پاکستان واپسی کی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ شبیر احمد اس وقت برطانیہ میں موجود ہے اور اسے پاکستان ڈی پورٹ نہیں کیا گیا۔
