برطانیہ: لوٹن کونسل کی فراڈ کے خلاف بڑی کارروائی، 65 لاکھ پاؤنڈ کے عوامی وسائل محفوظ، سرکاری مکانات واگزار
تکبیر نیوز (لوٹن): برطانیہ کے شہر لوٹن میں سرکاری مکانات، کونسل ٹیکس اور رہائشی سہولتوں میں دھوکہ دہی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کے دوران 65 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے عوامی وسائل کو نقصان سے بچانے کا انکشاف ہوا ہے۔ کونسل نے غلط استعمال ہونے والے آٹھ سرکاری مکانات واپس حاصل کرلیے، جبکہ رعایتی قیمت پر مکانات خریدنے کی پانچ دھوکہ دہی پر مبنی درخواستیں بھی روک دی گئیں۔
لوٹن کونسل کے مطابق مشترکہ انسدادِ فراڈ سروس نے مختلف تحقیقات کے دوران کونسل ٹیکس میں بے ضابطگیوں، ہاؤسنگ بینیفٹ میں فراڈ اور معذور افراد کے لیے جاری کیے جانے والے خصوصی پارکنگ پرمٹس کے غلط استعمال کے معاملات بھی بے نقاب کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ فراڈ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 65 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے عوامی وسائل کو تحفظ فراہم کیا گیا، جن میں 19 لاکھ پاؤنڈ کی رقم رپورٹ ہونے والے مقدمات کی تحقیقات کے ذریعے واپس حاصل کی گئی یا نقصان ہونے سے بچائی گئی۔
اس کے علاوہ مزید 46 لاکھ پاؤنڈ مالیت کی ممکنہ مالی بے ضابطگیوں اور بچت کی نشاندہی قومی اور مقامی ریکارڈ، معلومات کے تبادلے اور ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے ذریعے کی گئی۔
کونسل کے مطابق رائٹ ٹو بائی اسکیم کے تحت پانچ مشکوک درخواستیں روکنے سے تقریباً سات لاکھ نو ہزار پاؤنڈ کی ممکنہ رعایتوں کا غلط استعمال ہونے سے بچا لیا گیا۔
اس اسکیم کے تحت اہل کونسل کرایہ داروں کو مخصوص شرائط پر رعایتی قیمت میں سرکاری رہائش خریدنے کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ لوٹن میں سماجی رہائش فراہم کرنے والے اداروں کی ملکیت کے مزید دو مکانات بھی واپس حاصل کیے گئے، جس سے عارضی رہائش کے اخراجات میں تقریباً 72 ہزار پاؤنڈ کی بچت ہوئی۔
تحقیقات کے دوران ایک ایسا شہری بھی سامنے آیا جو 2017 سے خود کو گھر میں اکیلا رہنے والا ظاہر کرکے کونسل ٹیکس میں رعایت حاصل کررہا تھا۔ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اس کے ذمے تین ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم واجب الادا ہے۔
ایک دوسرے معاملے میں انکشاف ہوا کہ کونسل کا ایک کرایہ دار برطانیہ سے باہر رہائش پذیر تھا، لیکن اس نے اپنا دو کمروں پر مشتمل سرکاری فلیٹ کسی دوسرے شخص کو کرائے پر دے رکھا تھا۔
اسی طرح لوٹن کے علاقے ہاک ویل رنگ میں ایک سرکاری مکان کو رعایتی قیمت پر خریدنے کی درخواست کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ متعلقہ مکان میں درخواست گزار کے بجائے کوئی دوسرا شخص رہائش پذیر تھا۔
لوٹن کونسل میں مالیات، محصولات اور مراعات کے امور کے ذمہ دار کونسلر میٹ فرائی نے کہا کہ دھوکہ دہی سے بچایا گیا ہر پاؤنڈ شہریوں کی ضروری خدمات پر خرچ کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کونسل فراڈ اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال کے خلاف مؤثر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ شہر کے تمام رہائشیوں کے لیے منصفانہ نظام یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واپس حاصل کیے جانے والے سرکاری مکانات ضرورت مند خاندانوں کو فراہم کیے جاسکتے ہیں، جبکہ بچائی گئی رقم لوٹن کے شہریوں کی فلاح و بہبود پر دوبارہ خرچ کی جاسکتی ہے۔
کونسل کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں فراڈ سے متعلق 280 شکایات موصول ہوئی تھیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں ان کی تعداد بڑھ کر 391 ہوگئی۔ اس اضافے کی ایک وجہ کونسل ملازمین کی جانب سے مشکوک معاملات کی زیادہ رپورٹنگ بھی بتائی گئی ہے۔
انسدادِ فراڈ کارروائیاں مالی سال 2026-27 میں بھی جاری ہیں۔ اپریل سے اکتوبر کے دوران مزید 146 شکایات موصول ہوئیں، جبکہ تقریباً 17 لاکھ پاؤنڈ کے تخمینی مالی نقصانات سے متعلق 87 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔
اسی عرصے میں مزید تین سرکاری مکانات واپس حاصل کیے گئے، رائٹ ٹو بائی اسکیم کی ایک اور درخواست روکی گئی، جبکہ کونسل ٹیکس کی مد میں مزید 47 ہزار پاؤنڈ کی قابلِ وصول رقم کی نشاندہی کی گئی۔
کونسلر میٹ فرائی نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل میں دھوکہ دہی، بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔
لوٹن کونسل نے شہریوں اور ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ کونسل ٹیکس، رہائشی مراعات، معذور افراد کے پارکنگ پرمٹس، اسکول داخلوں یا سماجی خدمات سے متعلق کسی بھی مشتبہ فراڈ کی اطلاع متعلقہ اداروں کو فراہم کریں۔
