تکبیر نیوز، لوئر دیر: خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کر لیے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے اور پولیس چوکی پر حملے سمیت پولیس اہلکار محمد اسماعیل کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں اور 3 دستی بم برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران بعض دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں کامیاب کارروائی پر خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے جو دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
