تکبیر نیوز (گوسپورٹ): برطانیہ کے علاقے ہیمپشائر میں 60 سالہ شہری پر چاقو سے حملے کے بعد پولیس نے 53 سالہ شخص پر اقدام قتل سمیت چار الزامات کے تحت فرد جرم عائد کردی ہے۔
چاقو حملے کا واقعہ بدھ 25 نومبر کو دوپہر ایک بجے سے کچھ دیر قبل گوسپورٹ کے علاقے سول بے وے میں پیش آیا۔
پولیس کو ایک شخص کے چاقو کے ساتھ موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس اہلکار جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں ایک 60 سالہ شخص چاقو کے وار سے زخمی حالت میں پایا گیا۔
زخمی شہری تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے زخموں کی نوعیت ایسی ہے جو اس کی آئندہ زندگی پر سنگین اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
ہیمپشائر پولیس کے مطابق سول بے وے کے رہائشی 53 سالہ کرسٹوفر فرانسسکو بیلی پر اقدام قتل اور عوامی مقام پر دھار دار ہتھیار رکھنے کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھار دار ہتھیاروں سے متعلق الزامات ایک گوشت کاٹنے والے بڑے چھُرے اور ایک چاقو سے متعلق ہیں۔
ملزم پر نجی مقام پر جارحانہ ہتھیار رکھنے کا ایک اضافی الزام بھی عائد کیا گیا ہے، جو پولیس کی جانب سے برآمد کیے گئے آہنی مکے سے متعلق ہے۔
کرسٹوفر فرانسسکو بیلی کو حراست میں رکھا گیا ہے اور اسے جمعہ 27 نومبر کو پورٹسماؤتھ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
حملے کے محرکات کے حوالے سے فراہم کردہ رپورٹ میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
