پیرس (تکبیر نیوز) فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ تیزی سے بورڈو شہر اور اس کے اطراف کی جانب بڑھ رہی ہے، جس کے باعث ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق آگ اب تک 42 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے، جو رقبے کے لحاظ سے شہر پیرس سے تقریباً چار گنا بڑا علاقہ بنتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران دو فائر فائٹرز جان کی بازی ہار گئے جبکہ 84 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ متعدد رضاکار اور مقامی کسان بھی پانی کے بڑے ٹینکرز کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ حکام کے مطابق تیز ہواؤں، شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث آگ پر قابو پانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
فرانس کی نیشنل فائر فائٹرز فیڈریشن کے مطابق مرکزی آگ نے ایک غیر معمولی فائر تھنڈر اسٹورم (Pyrocumulonimbus) کی شکل اختیار کر لی ہے، جس میں آگ اپنی ہی پیدا کردہ ہواؤں اور موسمی اثرات سے مزید شدت اختیار کر رہی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر بورڈو ایئرپورٹ کے ہوٹل زون کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انخلا والے علاقوں سے باہر رہائش کا انتظام کریں۔
دوسری جانب اسپین میں بھی جنگلاتی آگ کے باعث 25 ہزار افراد کو علاقے خالی کرنے اور تقریباً 40 ہزار شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ میڈرڈ کے قریب آگ کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے، تاہم متعدد مقامات پر صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔
