تکبیر نیوز (اسٹافورڈشائر): برطانیہ کے علاقے وومبورن میں منشیات فروشی میں ملوث 24 سالہ نوجوان کو چار سال اور نو ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔ پولیس نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران اس سے 31 ہزار پاؤنڈ سے زائد مالیت کی کوکین اور بھنگ برآمد کی تھی۔
چارلی میک کارتھی کو تقریباً ساڑھے چار سال کے دوران منشیات کی فراہمی سے متعلق جرائم میں تین مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔
اسٹافورڈشائر پولیس نے پہلی مرتبہ دسمبر 2021 میں پرٹن کے علاقے میں ایک گاڑی سے اسے گرفتار کیا۔ اس کارروائی کے دوران کوکین برآمد ہوئی، جبکہ اس کے موبائل فون سے منشیات کی فراہمی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے۔
اپریل 2023 میں ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے ایک غیر متعلقہ معاملے کی تحقیقات کے دوران اس کے گھر سے بڑی مقدار میں بھنگ، ایک موبائل فون، ڈیجیٹل ترازو اور ایک ہزار پاؤنڈ سے زائد نقد رقم برآمد کرکے اسے دوبارہ گرفتار کیا۔
جولائی 2026 میں وومبورن کے علاقے میں منشیات فروشی سے متعلق خدشات پر کارروائی کرتے ہوئے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے اسے تیسری مرتبہ گرفتار کیا۔
اس کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 775 پاؤنڈ نقد رقم برآمد ہوئی، جبکہ ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران مزید کوکین اور بھنگ بھی برآمد کی گئی۔
تینوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات کی مجموعی تخمینی مالیت 31 ہزار 440 سے 34 ہزار 60 پاؤنڈ کے درمیان بتائی گئی ہے۔
وومبورن کے رہائشی چارلی میک کارتھی نے کلاس اے منشیات فروخت کرنے کی غرض سے رکھنے کے دو الزامات، کلاس بی منشیات فروخت کرنے کی غرض سے رکھنے کے ایک الزام اور کلاس بی منشیات فراہم کرنے کی پیشکش میں ملوث ہونے کے ایک الزام میں اعتراف جرم کیا۔
اسٹافورڈ کراؤن کورٹ نے 25 نومبر کو مقدمے کی سماعت کے دوران چارلی میک کارتھی کو چار سال اور نو ماہ قید کی سزا سنادی۔
