تکبیر نیوز (بریڈفورڈ): برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ایک رہائشی مکان میں چوری کی واردات کے دوران شہری پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا گیا، جبکہ پولیس نے چار مشتبہ افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق بدھ 25 نومبر کو شام 5 بج کر 47 منٹ پر شے کریسنٹ کے علاقے میں ایک گھر میں چوری کی واردات کی اطلاع موصول ہوئی۔
واردات کے دوران خاندان کا ایک فرد گھر پہنچا تو ایک مشتبہ شخص نے اس پر سلاخ سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اس کے چہرے پر شدید زخم آئے۔ زخمی شہری کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق چاروں مشتبہ افراد دو سرون (Surron) الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
گھر سے چوری ہونے والے سامان کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
بریڈفورڈ ڈسٹرکٹ کرائم ٹیم کے ڈیٹیکٹو انسپکٹر اینڈریو کوئین نے کہا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں، گھروں کے دروازوں پر نصب کیمروں کی فوٹیج اور مقامی رہائشیوں سے معلومات حاصل کررہی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد 101 پر رابطہ کرکے مقدمے کا حوالہ نمبر 13260669972 بتائیں۔ شہری اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر کرائم اسٹاپرز کے نمبر 0800 555 111 پر بھی معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔
