تکبیر نیوز (اولڈہم): برطانیہ کے علاقے گریٹر مانچسٹر کے شہر اولڈہم میں گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی، جسے تشویشناک حالت میں ایئر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثہ بدھ 25 نومبر کو دوپہر تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر ریپنڈن روڈ پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ہنگامی امدادی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
امدادی اہلکاروں نے لڑکی کو شدید زخمی حالت میں پایا، جس کے بعد اسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے ترجمان کے مطابق زخمی لڑکی تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کے زخم ممکنہ طور پر جان لیوا ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے سلسلے میں اب تک کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ واقعے کے حالات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے میں ملوث گاڑی اور اس کے ڈرائیور کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
