تکبیر نیوز (کارن وال):
برطانیہ کے علاقے کارن وال میں ایک اندوہناک ٹریفک حادثے کے دوران سڑک پر گرے ہوئے درخت سے گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں 20 سالہ کار ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ڈیون اینڈ کارن وال پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ 21 نومبر کی رات تقریباً 1 بج کر 56 منٹ پر A39 شاہراہ پر سینٹ کیو (St Kew) کے قریب پیش آیا۔ تیز رفتاری اور رات کی تاریکی کے دوران کار سڑک کے درمیان گرے ہوئے ایک بڑے درخت سے زوردار انداز میں ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس اور ریسکیو کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا، تاہم کار میں اکیلا سوار 20 سالہ نوجوان شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ طبی عملے نے معائنے کے بعد نوجوان کی موت کی باقاعدہ تصدیق کی۔
حادثے کے فوری بعد پولیس نے کرائم سین اور فرانزک معائنے کے لیے A39 شاہراہ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا، جو کئی گھنٹوں تک بند رہی۔ پولیس نے سڑک سے ملبہ اور گرا ہوا درخت ہٹانے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈیون اینڈ کارن وال پولیس نے حادثے کے عینی شاہدین اور اس وقت مذکورہ راستے سے گزرنے والے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس ڈیش کیم فوٹیج یا کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 101 پر لاگ نمبر 0075 کے تحت رابطہ کریں۔
