تکبیر نیوز (برمنگھم):
ویسٹ مڈلینڈز کے مختلف شہروں میں واقع متعدد عبادت گاہوں کو نشانہ بنا کر نقب زنی اور نقد رقوم چوری کرنے کے مقدمے میں پولیس نے 20 سالہ ملزم پر چوری کے 5 سنگین الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق ملزم محمد حاجی (جس کی کوئی مستقل رہائش گاہ نہیں ہے) جولائی اور اگست کے دوران برمنگھم، سینڈویل اور کووینٹری کی مختلف عبادت گاہوں اور مذہبی مراکز میں ہونے والی چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ان واقعات کے دوران ملزم نے کھڑکیوں اور دروازوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو کر عطیات کے ڈبوں اور سیفز سے نقد رقوم چوری کیں۔
پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور فرانزک شواہد کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا اور عوام سے ملزم کی نشاندہی کے لیے اپیل جاری کی تھی۔ مطلوب قرار دیے جانے کے بعد پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 20 سالہ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی، جس کے دوران 5 مختلف عبادت گاہوں میں نقب زنی کے ثبوت ملنے پر باقاعدہ چارج شیٹ تیار کی گئی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف نقب زنی اور چوری کی 5 مختلف دفعات کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی، جس کے بعد اسے سخت سیکیورٹی میں برمنگھم مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے الزامات کی نوعیت اور پولیس کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کی فوری ضمانت پر رہائی کی استدعا مسترد کر دی اور اسے مقدمے کی آئندہ سماعت تک عدالتی تحویل (Remand in custody) میں جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدس مقامات اور عبادت گاہوں کا تقدس پامال کرنے اور کمیونٹی کے فلاحی فنڈز پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
