تکبیر نیوز (گلاسگو):
اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے شہر گلاسگو کے علاقے ڈرم چیپل (Drumchapel) میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد نے 23 سالہ نوجوان پر جان لیوا حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔
پولیس اسکاٹ لینڈ کے مطابق یہ واقعہ جمعہ 20 نومبر کی دوپہر تقریباً 1 بج کر 50 منٹ پر کنفانز ڈرائیو (Kinfauns Drive) اور ہیکلا ایونیو کے سنگم پر، ڈرم چیپل شاپنگ سینٹر کے بالکل قریب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مصروف کاروباری اوقات میں ایک عمارت کے باہر نوجوان پر اچانک حملہ کیا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمرجنسی پیرا میڈیکس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے زخموں کی نوعیت سنگین ہے اور ڈاکٹرز اسے طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
پولیس اسکاٹ لینڈ نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ قریبی دکانوں اور تجارتی مراکز کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کو ’سنگین حملہ‘ (Serious Assault) قرار دیتے ہوئے عوام، راہگیروں اور علاقے سے گزرنے والے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے کی ڈیش کیم فوٹیج یا معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 101 پر ریفرنس نمبر 1583 کے تحت یا کرائم اسٹاپر پر رابطہ کریں۔
