تکبیر نیوز (سرگودھا): پنجاب کے ضلع سرگودھا کے علاقے چک نمبر 58 جنوبی میں 74 سالہ معمر شخص کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی لاش ان کے زرعی رقبے پر قائم کمرے سے ملی، جہاں وہ اکیلے رہائش پذیر تھے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مقتول احمد خان اپنے زرعی رقبے میں بنے کمرے میں تنہا رہتے تھے۔ ان کا بیٹا اپنے چچا زاد بھائی کے ہمراہ والد کی خیریت معلوم کرنے وہاں پہنچا تو کمرے میں بستر پر احمد خان کی خون میں لت پت لاش پڑی ہوئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔ مقتول کے ماتھے اور سر کے بائیں جانب تیز دھار آلے کے زخم پائے گئے، جبکہ تکیہ اور چہرہ بھی خون آلود تھے۔
پولیس نے ضروری کارروائی شروع کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر قتل کے محرکات، ملزم یا ملزمان کی شناخت اور واقعے کے پس منظر سے متعلق کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
واقعے کی تفتیش تھانہ عطا شہید پولیس کر رہی ہے، جو قتل کے حالات و واقعات معلوم کرنے کے لیے شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔
