تکبیر نیوز (بیسلڈن):
برطانیہ کے کاؤنٹی ایسیکس کے قصبے بیسلڈن میں ایک عوامی تفریحی پارک کے اندر کتے کے اچانک حملے کے نتیجے میں 11 سالہ بچہ زخمی ہو گیا ہے۔
ایسیکس پولیس کے مطابق یہ واقعہ مارکھمز چیز ریکریشن گراؤنڈ (Markhams Chase Recreation Ground) میں دوپہر کے وقت پیش آیا۔ عینی شاہدین اور پولیس رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر جرمن شیفرڈ نسل کے ایک کتے نے پارک میں موجود 11 سالہ بچے پر اچانک جھپٹ کر اس کی ٹانگ پر کاٹ لیا، جس سے بچہ لہولہان ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد بچے کو طبی امداد کے لیے لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی ٹانگ کے زخموں کا علاج کیا۔ حملے کے بعد کتے کے مالک اور کتے کے حوالے سے تفتیش کے لیے ایسیکس پولیس نے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام نے علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔ ایسیکس پولیس نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے عینی شاہدین، علاقے کے مکینوں اور وہاں سے گزرنے والے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی ویڈیو فوٹیج، ڈیش کیم ریکارڈنگ یا کتے کے مالک کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 101 پر کرائم ریفرنس نمبر 42/170815/26 کے تحت رابطہ کریں۔
