تکبیر نیوز (لندن):
شمال مغربی لندن کے انڈرگراؤنڈ اسٹیشن پر بغیر ٹکٹ داخلے سے روکنے پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کے چہرے پر وحشیانہ گھونسا مار کر شدید زخمی کرنے والے 24 سالہ نوجوان نے عدالت میں اعترافِ جرم کر لیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات 19 نومبر کو ڈولس ہل (Dollis Hill) انڈرگراؤنڈ اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم چاقو زنی کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم پر تعینات تھی۔ اس دوران 24 سالہ ملزم شیمار رابنسن (Shemar Robinson) نے کرایہ ادا کیے بغیر زبردستی ٹکٹ بیریئر توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ جب ایک پولیس اہلکار نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے طیش میں آ کر اہلکار کے چہرے پر اتنی شدت سے گھونسا مارا کہ اہلکار کے دانت حملہ آور کے ہاتھ کی ہڈیوں (Knuckles) پر پیوست ہو گئے۔
اس حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار کا چہرہ بری طرح زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کے چہرے پر متعدد ٹانکے لگائے گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس شدید چوٹ کے باعث اہلکار کے چہرے پر مستقل داغ پڑنے کا خدشہ ہے۔ پولیس اہلکاروں نے موقع پر ہی ملزم کو دبوچ کر حراست میں لے لیا۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم عادی مجرم ہے، جس نے تفتیش کاروں کے سامنے کسی قسم کی شرمندگی یا پشیمانی ظاہر نہیں کی بلکہ ہنستے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کا ارادہ پولیس اہلکار کو اس سے بھی زیادہ نقصان پہنچانے کا تھا۔
ملزم کو ولسڈن مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اس نے پولیس اہلکار کو شدید جسمانی نقصان پہنچانے (GBH)، کلاس بی منشیات رکھنے اور کرایہ چوری کرنے کے الزامات کا باقاعدہ اعتراف کیا۔ عدالت نے ملزم کے مجرمانہ رویے کو دیکھتے ہوئے اس کی ضمانت مسترد کر کے اسے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا ہے، جبکہ کیس کی حتمی سزا کے لیے آئندہ تاریخ کراؤن کورٹ میں مقرر کی گئی ہے۔
