تکبیر نیوز (بریڈفورڈ):
برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں کونسلر ابرار علی پر چاقو کے متعدد وار کر کے شدید زخمی کرنے کے مقدمے میں پولیس نے 32 سالہ ملزم عرفان علی پر اقدامِ قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی ہے، جس کے بعد عدالت نے ملزم کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات 19 نومبر کی صبح تھورن بری ایونیو (Thornbury Avenue) پر اس وقت پیش آیا جب بریڈفورڈ مور وارڈ سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ کونسلر ابرار علی محلے کی صفائی ستھرائی کے سلسلے میں کونسل کے عملے اور وارڈنز کے ہمراہ فیلڈ میں موجود تھے۔ کونسلر کے اہلخانہ اور عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے جب کونسل کے ایک اہلکار پر حملے کی کوشش کی تو کونسلر ابرار علی نے عملے کو بچانے کے لیے مداخلت کی، جس پر ملزم نے ان پر چاقو سے پے در پے وار کر دیے۔
حملے کے نتیجے میں کونسلر ابرار علی شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق کونسلر کو گہرے زخم آئے ہیں تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جہاں ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک مکان کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔ پولیس نے گھنٹوں جاری رہنے والے تعاقب اور مذاکرات کے بعد ملزم عرفان علی کو حراست میں لیا۔ پولیس نے تفتیش مکمل ہونے پر ملزم کے خلاف اقدامِ قتل (Attempted Murder)، مار پیٹ و حملہ (Assault) اور عوامی مقام پر خطرناک تیز دھار ہتھیار رکھنے کی دفعات کے تحت چالان عدالت میں پیش کیا۔
ہفتہ 21 نومبر کو ملزم کو لیڈز مجسٹریٹس کورٹ میں سخت سیکیورٹی کے تحت پیش کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کے مؤقف اور الزامات کی سنگینی کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور نہیں کی اور اسے عدالتی تحویل (Remand in custody) میں جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کیس کی باقاعدہ سماعت کے لیے آئندہ تاریخ 21 دسمبر کو بریڈفورڈ کراؤن کورٹ میں مقرر کی ہے۔
