یٹلی: برطانیہ میں سرے اور ہیمپشائر کی سرحد کے قریب یٹلی میں کار حادثے کے نتیجے میں 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی رات تقریباً 9 بج کر 30 منٹ کے بعد کرکٹ ہل لین پر ایک نیلی رنگ کی فورڈ فوکس کے حادثے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ایمرجنسی سروسز نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی، جہاں ایک 18 سالہ نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
حادثے میں ایک اور 18 سالہ نوجوان کو بھی شدید لیکن جان لیوا نہ ہونے والی چوٹیں آئیں، جبکہ دو دیگر افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں رپورٹ ہوئیں۔
پولیس نے فلیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک 18 سالہ نوجوان کو خطرناک ڈرائیونگ کے نتیجے میں موت کا سبب بننے کے شبہ میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کی سیریس کولیژن انویسٹی گیشن یونٹ کے افسر ڈیٹیکٹو سارجنٹ ایڈورڈ کرافٹس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ حادثے کے وقت وہاں موجود تھے یا جنہوں نے حادثے سے کچھ دیر قبل A30/A327 راؤنڈ اباؤٹ کے علاقے میں مذکورہ گاڑی دیکھی تھی، وہ پولیس سے رابطہ کریں۔
پولیس نے خاص طور پر ڈیش کیم یا سی سی ٹی وی فوٹیج رکھنے والے افراد سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
