کاؤنٹی ڈرہم: برطانیہ کے علاقے کاک فیلڈ میں کنگز ہیڈ پب کے باہر ایک شہری پر مبینہ طور پر شدید اور بلااشتعال حملے کے بعد پب کا لائسنس معطل کردیا گیا۔
لائسنسنگ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حملے کے دوران متاثرہ شخص کو متعدد بار دھکا دیا گیا اور پھر شیشے کے گلاس سے سر اور چہرے پر کئی وار کیے گئے۔
حملے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کی ناک ٹوٹ گئی، جبڑے میں دو جگہ فریکچر ہوا جبکہ ہاتھ کا ایک ٹینڈن بھی پھٹ گیا۔ اسے بعد ازاں تعمیرِ نو کی سرجری سے گزرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی شدت اس وقت مزید بڑھ گئی جب متاثرہ شخص کا کم عمر بیٹا بھی حملہ دیکھ رہا تھا۔ بچے نے اپنے والد کو بچانے کے لیے مبینہ طور پر پول کا کیو استعمال کرنے کی کوشش کی۔
یہ واقعہ 25 جولائی کو پیش آیا تھا، جس کے بعد Durham County Council کی لائسنسنگ سب کمیٹی نے کنگز ہیڈ کا پریمیسز لائسنس فوری طور پر معطل کردیا۔
پب کے منیجر راس آئنسلی نے کہا ہے کہ انتظامیہ واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرے گی۔
انہوں نے مصروف اوقات اور اہم تقریبات کے دوران دو اضافی ملازمین تعینات کرنے، سی سی ٹی وی کی براہِ راست نگرانی، عملے کی تربیت اور نشے میں دھت یا جارحانہ افراد کو سروس دینے سے انکار جیسے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
پب انتظامیہ کے مطابق کسی بھی صورتحال کے قابو سے باہر ہونے کی صورت میں پولیس سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔
واقعے کی پولیس تحقیقات جاری ہیں جبکہ پب کے لائسنس کے مستقبل سے متعلق مکمل جائزہ 24 اگست کو ہونے والی سماعت میں لیا جائے گا۔
