ڈارٹ مور: برطانیہ کے علاقے ساؤتھ برینٹ میں بجلی کے ایک کھمبے میں لگنے والی آگ پھیل کر قریبی کھیت تک پہنچ گئی، تاہم فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
یہ واقعہ اتوار 16 اگست کو پیش آیا، جہاں بجلی کے کھمبے کے اوپر موجود آٹومیٹک ری کلوزر میں آگ بھڑک اٹھی۔
فائر اینڈ ریسکیو عملے کے مطابق کھمبے میں لگی آگ بعد ازاں اردگرد موجود کھیت تک پھیل گئی۔ فائر فائٹرز نے فائر بیٹرز استعمال کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا اور اسے مکمل طور پر بجھا دیا۔
واقعے کے بعد نیشنل گرڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں اور مرمت کا کام شروع کرنے کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع کردی۔
بک فاسٹلی فائر اسٹیشن کے عملے کے مطابق علاقے میں نباتات انتہائی خشک ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیل سکتی ہے، اس لیے فوری کارروائی ضروری تھی۔
فائر اسٹیشن کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں بجلی کے کھمبے کے اوپر شعلے بھڑکتے ہوئے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
