چیسٹرفیلڈ: برطانیہ میں غیر قانونی ملازمت کے خلاف جاری حکومتی کریک ڈاؤن کے تحت ڈربی شائر کے شہر چیسٹرفیلڈ میں ایک ریسٹورنٹ پر کارروائی کے دوران تین ملائیشین شہریوں کو امیگریشن قوانین کی مختلف مبینہ خلاف ورزیوں کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا۔
امیگریشن انفورسمنٹ حکام نے 9 جون کو چیسٹرفیلڈ کے Mutiara Restaurant پر چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران تین ملائیشین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایسٹ مڈلینڈز میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران غیر قانونی ملازمت کے شبے میں کارروائیوں میں 68 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے میں 282 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں 151 افراد گرفتار ہوئے۔
حکومت کے مطابق جولائی 2024 سے اب تک ملک بھر میں غیر قانونی ملازمت کے خلاف کارروائیوں کے دوران 17 ہزار سے زائد گرفتاریاں کی جا چکی ہیں، جبکہ 2,357 افراد کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا گیا ہے۔
وزیر داخلہ شبانہ محمود نے کہا کہ غیر قانونی ملازمت ایماندار کارکنوں اور قانون کے مطابق کاروبار کرنے والوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے امیگریشن انفورسمنٹ کے لیے اضافی وسائل فراہم کیے ہیں اور موجودہ کارروائیاں برطانوی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی کارکنوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے آجروں کے لیے اب کہیں چھپنے کی جگہ نہیں رہی۔
ایسٹ مڈلینڈز کے امیگریشن انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس لیڈ ڈوگ کیمبل نے کہا کہ خطے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکے اور کاروبار قانون کے مطابق چلائے جائیں۔
حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اکتوبر 2026 سے گیگ اکانومی اور زیرو آورز کنٹریکٹ پر ملازمین رکھنے والی کمپنیوں، خصوصاً ڈیلیوری سیکٹر، کے لیے یہ قانونی طور پر لازمی ہوگا کہ وہ ہر کارکن کے برطانیہ میں کام کرنے کے قانونی حق کی تصدیق کریں۔
حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو فی کارکن 60 ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ، کمپنی ڈائریکٹرز کی نااہلی اور پانچ سال تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکومت نے مزید اعلان کیا ہے کہ 2028/29 تک امیگریشن انفورسمنٹ کا بجٹ دوگنا اور عملے کی تعداد 60 فیصد بڑھائی جائے گی، جس کے نتیجے میں مزید چھاپے، گرفتاریاں اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی ملک بدری کی کارروائیاں تیز ہوں گی۔
