نیوکاسل (تکبیر نیوز) برطانیہ کے گیٹس ہیڈ سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ کریگ ہیوٹ (Craig Hewitt) کو دو الگ الگ پرتشدد حملوں میں دو افراد کو شدید زخمی کرنے کے جرم میں 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
نیوکاسل کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلا واقعہ ستمبر 2022 میں لوبلی ہل کے ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں ایک شخص شدید زخمی ہوا اور بعد میں اسے پلاسٹک سرجری کروانا پڑی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ دوسرا واقعہ دسمبر 2025 میں تھامس ولسن سوشل کلب میں پیش آیا، جہاں جھگڑے کے دوران ایک اور شخص شدید زخمی ہوا۔ عدالتی کارروائی کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کو مستقل جسمانی نقصان پہنچا۔
استغاثہ نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ دوسرا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم پہلے مقدمے میں عدالت سے ضمانت پر تھا۔
عدالت نے دونوں مقدمات میں پیش کیے گئے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کو دو الزامات میں جان بوجھ کر شدید جسمانی نقصان پہنچانے (Wounding with Intent) کا قصوروار قرار دیا۔ معطل قید کی سابقہ سزا کی خلاف ورزی کو بھی سزا میں شامل کیا گیا۔
دورانِ سماعت ملزم نے اپنا دفاع خود کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے اپنے دفاع میں کارروائی کی تھی، تاہم عدالت نے یہ مؤقف مسترد کر دیا۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور وہ ذہنی و جسمانی صحت کے بعض مسائل کا شکار رہا ہے، جبکہ جیل میں اس نے علاج اور بحالی کے پروگرام میں شرکت کی درخواست بھی دی ہے۔
