تکبیر نیوز (لوٹن): برطانیہ کے شہر لوٹن میں واقع کنگز وے ریکریشن گراؤنڈ میں جمعہ کی شام پیش آنے والے پرتشدد واقعے میں 17 سالہ نوجوان چاقو کے متعدد وار لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
بیڈفورڈشائر پولیس کے مطابق شام تقریباً 6:30 بجے اطلاع ملی کہ پارک میں متعدد نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہو رہا ہے اور بعض افراد کے پاس بڑے چاقو موجود ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد ایک کم عمر لڑکے کو پرتشدد ہنگامہ آرائی (Violent Disorder) کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ ایک دوسرے نوجوان کو بھی گرفتار کیا گیا، تاہم وہ خود بھی زخمی ہونے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ضرور ہے لیکن جان کو خطرہ نہیں۔
تحقیقات کی سربراہی کرنے والے ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر نک گارڈنر نے واقعے کو "انتہائی افسوسناک تشدد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان کی جان ضائع ہونا پورے علاقے کے لیے صدمہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز یا تصاویر شیئر کرنے سے گریز کرے۔
پولیس نے بتایا کہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، بِسکاٹ وارڈ کی کونسلر زینب راجہ نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ ویڈیوز اور تصاویر آن لائن شیئر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ لوٹن کی پوری کمیونٹی کے لیے ایک سانحہ ہے اور اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
