تکبیر نیوز (اسکاٹ لینڈ): اسکاٹ لینڈ کے کیرنگورمز نیشنل پارک میں گزشتہ 10 روز سے جاری جنگلاتی آگ کے باعث پولیس اسکاٹ لینڈ نے میجر انسیڈنٹ نافذ کر دیا ہے، کیونکہ ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے آگ کے نیتھی برج گاؤں کی جانب بڑھنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر نیتھی برج کے تمام رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گاؤں کی جانب جانے والی سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ افراد کے لیے Macdonald Aviemore Hotel میں عارضی رہائشی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوئنی نے بتایا کہ حکومت کے ایمرجنسی ریزیلینس روم کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اور انخلا کے عمل میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، خصوصاً ایسے بزرگ اور معذور افراد کی مدد کے لیے جنہیں خصوصی معاونت درکار ہے۔
ادھر بعض مقامی رہائشیوں نے حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر انسیڈنٹ پہلے نافذ کیا جانا چاہیے تھا اور عوام سے رابطے کا نظام مؤثر نہیں تھا۔
سکاٹش فائر اینڈ ریسکیو سروس (SFRS) کے مطابق آگ اب بھی غیر متوقع اور مسلسل بدلتی ہوئی صورتحال اختیار کیے ہوئے ہے۔ ہوا کی رفتار اور سمت میں تبدیلی کے باعث آگ دوبارہ بھڑک سکتی ہے اور دھواں دور دراز علاقوں تک پہنچ رہا ہے۔
حکام کے مطابق دھواں ابرڈین سمیت تقریباً 59 میل دور تک دیکھا گیا ہے۔
آگ بجھانے کے لیے 100 سے زائد فائر فائٹرز، 11 فائر انجن، وائلڈ لائف یونٹس، کمانڈ سپورٹ یونٹ، ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پانی پھینکنے کی کارروائیاں جاری ہیں۔
فائر سروس کا کہنا ہے کہ آگ کے آغاز سے ہی مناسب وسائل فراہم کیے گئے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
