تکبیر نیوز (ایسیکس): برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں چیلمسفورڈ کے جنوب میں واقع ریٹنڈن (Rettendon) کے قریب ایک صنعتی سائٹ پر خوفناک آگ اور زوردار دھماکے کے بعد حکام نے میجر انسیڈنٹ نافذ کر دیا۔
ایسیکس کاؤنٹی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق آگ کے دوران ایک صنعتی یونٹ میں موجود کھاد (Fertiliser) کے ذخیرے میں دھماکہ ہوا، جس کی آواز اور جھٹکے پورے علاقے میں محسوس کیے گئے۔
دھماکے کی ویڈیوز میں آگ کا ایک بڑا گولہ فضا میں بلند ہوتا دکھائی دیا جبکہ متعدد افراد خوفزدہ ہو کر موقع سے بھاگتے نظر آئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز "بم پھٹنے” یا "سونک بوم” جیسی محسوس ہوئی۔
واقعے کے نتیجے میں زرعی زمین پر موجود متعدد عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جبکہ آگ ہفتے تک بھی مکمل طور پر نہیں بجھ سکی۔
ابتدائی مرحلے میں 100 سے زائد فائر فائٹرز، خصوصی امدادی یونٹس اور ماہرین کو موقع پر تعینات کیا گیا۔ بعد ازاں صورتحال بہتر ہونے پر تقریباً 50 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے موقع پر موجود رہے۔
حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطاً گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے اور متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی، جبکہ کچھ رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل بھی کیا گیا۔
فائر سروس کے اہلکار ڈیو بانڈ نے بتایا کہ دھماکے کے باوجود موقع پر موجود تمام امدادی اہلکار محفوظ ہیں اور فی الحال عوام کے لیے کسی بڑے اضافی خطرے کی اطلاع نہیں۔
ادھر صنعتی سائٹ پر قائم ایک کمپنی کے مالک سام ڈائمنڈ نے بتایا کہ آگ میں ان کا پورا کاروبار تباہ ہو گیا ہے، جس سے کئی افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے۔
فائر سروس کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
