تکبیر نیوز (لندن): امریکی گلوکار کرس براؤن (37) اور ان کے ووکل کوچ اومولولو اکن لولو (40) نے لندن کے ساوتھ وارک کراؤن کورٹ میں پیش ہو کر Affray کے ایک الزام میں جرم قبول کر لیا۔
یہ مقدمہ 19 فروری 2023 کو وسطی لندن کے Tape London نائٹ کلب میں پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہے۔
استغاثہ کے مطابق کرس براؤن مبینہ طور پر ڈانس فلور سے متاثرہ شخص کی جانب بڑھے اور اسے شیشے کی بوتل سے دو مرتبہ سر پر مارا۔ پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ اس کے بعد اومولولو اکن لولو بھی مبینہ طور پر حملے میں شامل ہوئے اور متاثرہ شخص کو اس وقت مکے مارے جب وہ کلب سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بعد ازاں متاثرہ شخص کو زمین پر گرے ہونے کی حالت میں بھی لاتیں ماری گئیں۔
متاثرہ شخص کو سر اور گھٹنے کی چوٹوں کے باعث سینٹ میری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج کیا گیا۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس (CPS) کی سینئر پراسیکیوٹر کلیئر کیمبل نے کہا کہ یہ ایک "بلااشتعال اور پرتشدد حملہ” تھا اور قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق واقعے کے بعد دونوں افراد برطانیہ چھوڑ گئے تھے، جس کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے۔ بعد ازاں کرس براؤن 15 مئی 2025 کو اپنے عالمی میوزک ٹور کے سلسلے میں مانچسٹر پہنچے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
دونوں ملزمان کو 26 اکتوبر 2026 کو سزا سنائی جائے گی۔
