(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم سٹی کونسل کی جانب سے زاکر چوہدری کو نئے لارڈ میئر کے طور پر منتخب کیے جانے پر شہر بھر میں مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے اس موقع کو فخر اور اعزاز کا لمحہ قرار دیا ہے۔
آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والے زاکر چوہدری نے نوجوانی میں برمنگھم آ کر محنت، خدمت اور کمیونٹی ورک کے ذریعے اپنی پہچان بنائی اور آج وہ برمنگھم کے “فرسٹ سٹیزن” منتخب ہو چکے ہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ زاکر چوہدری کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ برمنگھم ایک ایسا شہر ہے جہاں محنت، دیانت اور عوامی خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
کمیونٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے لارڈ میئر شہر میں اتحاد، ہم آہنگی اور کمیونٹی سروس کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔
زاکر چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ برمنگھم نے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع دیا اور اب وہ پورے شہر کی خدمت کیلئے پرعزم ہیں۔
